ریاستی اداروں میں تقرری، پروموشن میرٹ پر نہیں پسند ناپسند کی بنیاد پر ہورہی ہے، لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عدلیہ، انتظامیہ، سیاست، ریاستی اداروں میں تقرری، پروموشن میرٹ پر نہیں پسند ناپسند کی بنیاد پر ہورہی ہے۔ اختیارات کے ناجائز استعمال نے ریاستی نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے،عوام میں نفرت، بیزاری اور بغاوت پورے زور سے پروان چڑھ رہی ہے،عدالتی فیصلوں میں تضاد، سپریم کورٹ کے ججوں کے تقرر پر اتفاق نہ ہونا خود عدلیہ کی ساکھ پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ماضی قریب سے سپریم کورٹ کے جج صاحبان کا نظام عدل چلانا عوام کے لیے ناقابل فہم رہا ہے۔اگر عدلیہ کی ساکھ، عزت اور کردار ہی نہ رہے تو سماجی شیرازہ تار تار ہوتا رہے گا۔عدلیہ، سول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے خلاف عوامی جذبات میں شدت آگئی ہے۔75 سال سے جاری بالادست حاکمانہ رویے اور عوام کو غلام جاننے کا ڈاکٹرائن ختم کرنا ہوگا۔آئین کی بالادستی، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات ہی اسلامی اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔

لیاقت بلوچ سے بلوچستان کی تاجر برادری نے ملاقات کی اور درآمد و برآمد کنندگان کی مشکلات، کرپشن، ناجائز اور ناقابل برداشت نادرا ٹیکسوں کی بھرمار جیسے مسائل اور اس کے نتیجے کاروبار کی تباہی جیسے مسائل سے انہیں آگاہ کیا جس کی وجہ سے ناجائز دھندہ عروج پر ہے۔

اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ سرکاری ادارے لوٹ مار بند کریں، حب الوطنی کے جذبہ کے ساتھ اپنے اختیارات استعمال کریں۔ زوال پذیر معیشت کو سرکاری اہلکار اپنی کرپشن کے ذریعے مزید تباہ نہ کریں۔درآمدات میں سود کا بوجھ، پٹرولیم مصنوعات، خوردنی تیل، سامان تعیشات معیشت کی تباہی کی جڑ ہے۔برآمدات، زرمبادلہ اور اندرونی وسائل سے درآمدات بڑھ جانے سے روپے کی مسلسل بے قدری اور ڈالر بے قابو ہے۔پیداواری لاگت بڑھ جانے سے پورا اقتصادی سرکل جام ہے،عمران خان کی طرح اتحادی حکومت نے بھی عوام کی چیخیں نکلوانے کاعمل جاری رکھا ہوا ہے۔

لیاقت بلوچ نے ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو اتحاد امت اور عالم اسلام کی طاقت بنایا جائے۔یزیدی نظام ناکام ہیں، حسینی نظام ہی حق کو بالادست کرے گا۔علما و مشائخ منصفانہ اسلامی نظام کے قیام کے لیے عوام کی ذہن سازی کریں۔اللہ تعالی کے قایم کردہ نظام کے مقابلے میں سارے نظام ناکام ہیں۔انسانی نظاموں نے عوام میں اقتدار کی ہوس، نفسانفسی، کرپشن، تعصبات اور بدانتظامی پیدا کی ہے۔ملی یکجہتی کونسل پورے ملک میں ماہ محرم میں امن، وحدت اور باہمی احترام کو یقینی بنائیگی۔