چوہدری شجاعت کی مشاورت کے بغیر اجلاس ممکن نہیں،ترجمان(ق)لیگ


لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ(ق)کے ترجمان چوہدری شفاعت حسین نے کہا ہے کہ کامل علی آغا مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری ہیں، وہ کیسے مرکزی صدر کے خلاف کوئی کارروائی کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بارے میں خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، افواہوں سے گریز کیا جائے۔ مسلم لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا کوئی وجود ہی نہیں۔

چوہدری شفاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ کے آئین کے تحت پارٹی کا کوئی اجلاس مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین کی مشاورت اور مرضی کے بغیر نہیں بلایا جاسکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز(ق)لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سینیٹر کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کو زیر غور لایا گیا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ اجلاس میں طے پایا کہ چوہدری شجاعت حسین کو صدارت سے الگ کیا جائے۔