پاکستان کے موجودہ اور سابقہ حکمران عالمی استعمارکے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں،امیرالعظیم


راولپنڈی ( صباح نیوز)مرکزی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہاہے کہ آئی ایم ایف،ورلڈبنک اور امریکہ مسلم دنیا کے وسائل پرقابض ہونے کے لیے اپنے آلہ کاروں کے ذریعے مجرمانہ سرگرمیاں کرتے ہیں، پاکستان کے موجودہ اور سابقہ حکمران عالمی استعمارکے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں ،نوجوان جدوجہد تیزکرکے قوم کی امیدبنیں مستقبل جماعت اسلامی کا ہے کروڑوں ووٹ لینے والے ملک وقوم کے دشمن ہیں ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے جے آئی یوتھ پنجاب شمالی کے صوبائی ایگزیکٹوکونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،صدرجے آئی یوتھ پاکستان زبیراحمدگوندل ،نائب صدوررسل خان بابر،یوسف خان خٹک ،صوبائی صدرجے آئی یوتھ اویس اسلم مرزا ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،صوبائی نائب صدر ڈاکٹرعمران فرازسمیت ضلعی صدورودیگرذمہ داران اجلاس میں شریک ہوئے اوراظہارخیال کیا۔

امیرالعظیم نے کہاکہ نام نہاد بڑی پارٹیوں کی لیڈرشپ ووٹ اور دیگرنادید ہ ذرائع سے مسنداقتدارپرقابض ہوکرعوام کے ریلیف کی بجائے اپنے محلات اور بنک بیلنس میں اضافے کے لیے سب اقدامات کرتی ہیں،جماعت اسلامی کی لیڈرشپ اورکارکنان ہرلمحہ عوام کی خدمت کے لیے سرگرم ہوتے ہیں ،سیلاب ،بارشوں،کورونا،زلزلے سمیت قدرتی آفات میں خدمت کرتے کارکن اور رضاکارجماعت اسلامی کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔

صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان نے کہاکہ پنجاب کے 85فیصدقومی وصوبائی حلقوں میں امیدواران کی نامزدگی فائنل کردی ہے جے آئی یوتھ کے عہدید اران گلی محلے کی سطح پر یونٹ قائم کرکے نوجوانوں کومثبت سرگرمیاں دینے کے علاوہ پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کے لیے تیاریوں کوتیزکردیں ۔ہرنوجوان خودکوامیدوارسمجھے اور قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواران کی کمپین کو تیزترکرنے میں اپنا کرداراداکرے

۔ صدرجے آئی یوتھ پاکستان زبیراحمدگوندل نے کہاکہ بہت جلد امیرجماعت سراج الحق نوجوانوں سے عظیم الشان جرگہ کریں گے اس کنونشن میں نوجوانوں کا سمندرقوم کے لیے امیدثابت ہوگا۔