نبی مہربانۖ کا اسوۂ حسنہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ، اس پر عمل کر کے ہی دنیاوی و اخروی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے،حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ نبی مہربانۖ کا اسوۂ حسنہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ، اس پر عمل کر کے ہی دنیاوی و اخروی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ حکمران ایک دوسرے کو برداشت نہیں کر سکتے، گالم گلوچ کی سیاست نے معاشرہ تباہ کر دیا۔ عوام اور ملک کے مفاد کو پس پشت ڈال کر ایک دورسرے کی پگڑیاں اچھالنا کہاں کی دانش مندی ہے۔

وہ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔حافظ ادریس نے کہا کہ عوام مہنگائی کی وجہ سے دووقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں۔ اشیائے خوردونوش، پٹرول، بجلی اور گیس عام لوگوں کی پہنچ سے دور ہو گئے۔ حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے قوم کا سکون تباہ  اور غربت ہر گھر کا مقدر بن گئی۔

حکومتی نااہلی معیشت کی تباہی کی بنیادی وجہ ہے۔ سودی معیشت سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے، لوگ جو کماتے ہیں سود کی نذر ہو جاتا ہے۔ حالات اس قدر تلخ ہو چکے ہیں کہ غریب کا سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ مسائل کے حل کے لیے قرآن و سنت کی جانا ہو گا۔ جماعت اسلامی پاکستان اسلامی انقلاب چاہتی ہے۔