ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن اپنی آئینی و قانونی ذمہ داری ادا کرے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ ملک میں ایک مرتبہ پھر ہارس ٹریڈنگ کی منڈی لگ گئی ہے۔ ارکان کے ضمیر خریدے جارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن اس کا سختی سے نوٹ لے کر ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائے۔ ملک کی سیاست کو کالے دھن سے ہونے والی خرید و فروخت نے گندا کرکے رکھ دیا ہے۔ جماعت اسلامی اس سارے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف اس ہار س ٹریڈنگ میں ملوث ہیں۔ عوام کو ان کی حقیقت جان لینی چاہیے۔ تینوں جماعتیں اقتدار کے حصول کی خاطرکالے دھن کا استعمال کررہی ہیں۔ بدقسمتی سے غریب قوم پر ایسے لوگ مسلط ہوچکے ہیں جن کے لیے جائز و ناجائزکوئی اہمیت نہیںرکھتا۔ بلکہ تینوں جماعتوں میں ایسے لوگوں کو کلیدی عہدے دیئے جاتے ہیں، جو پانی کی طرح پیسہ بہا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح حالیہ ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی گئیں اور روپے کا بے دریغ استعمال ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔ قوم نے 75برسوں سے جاگیر داروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کو بار بار آزمایا ہے ، ان کو اقتدار فراہم کرنے کا مطلب کرپشن کو دعوت دینا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم ان کو مستر د کرے۔

محمد جاوید قصوری نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شکست کے خوف سے بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کررہی ہے۔ سندھ حکومت کے اس اقدام کی بھر پور  مخالفت کرتے ہیں۔ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ عوام الناس میں ان کی مایوس کن کاکردگی کے حوالے سے تشویس پائی جاتی ہے۔