عید الاضحی پر الخدمت فاؤنڈیشن نے 7ہزار جانور قربان کئے،محمد عبد الشکور


لاہور(صباح نیوز) صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبد الشکورنے کہا ہے کہ عید الاضحی پر الخدمت فاؤنڈیشن نے 7ہزار سے زائد جانور قربان کئے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے بورڈ کا اجلاس الخدمت کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں مرکزی صدرالخدمت فاؤنڈیشن محمد عبدالشکور،سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، نیشنل ڈائریکٹر سماجی خدمات پروگرام عامر محمود چیمہ، جنرل منیجرپروگرامز حماد بٹ اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں عامر محمود چیمہ نے الخدمت قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ 2022کی رپورٹ پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس باربھی پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان اور کراچی سمیت مصیبت زدہ روہنگیا، شامی،فلسطینی اور افغان بہن بھائیوںکے لئے قربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس سال قربانی پراجیکٹ کے تحت4933بڑے اور2199چھوٹے جانورقربان کئے گئے جس سے مجموعی طور پر 2لاکھ 64 ہزار مستحق خاندان مستفید ہوئے۔روایتی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ جدید سلاٹر ہاؤسز میں بھی قربانی کا اہتمام کیا گیا۔جہاں سے اس گوشت کو حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظررکھتے ہوئے پیک کرکے دور دراز پسماندہ علاقوں تک چلر ٹرکوں کے ذریعے پہنچایاگیا۔

محمد عبدالشکور نے اس موقع پر کہا کہ یہ دنیا بھر میں رہنے والے مخیر حضرات کا الخدمت پر اعتماد اور ہمارے رضاکاروں کی شب و روز کاوشوں کا ہی ثمر ہے کہ گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال ریکارڈ 7ہزار سے زائدجانور قربان کئے گئے ۔ الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال قربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام کرتی ہے جس سے وہ افراد جن کو دو وقت کی روٹی بھی بمشکل میسرآتی ہے انہیں بھی قربانی کا گوشت نصیب ہوجاتا ہے۔