ملک و قوم کو محب وطن اور جذبہ خدمت خلق سے سرشار قیادت کی ضرورت ہے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام سے معاشی عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔ جب تک ملک و قوم کو نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل نہیں ہوجاتی ، اس وقت تک مسائل کی دلدل سے باہر نکلنا ممکن نہیں۔ 74برسوں سے قوم کو جاگیر داروں ، سرمایہ داروں اور وڈیروںنے یرغمال بنایا ہوا ہے۔ اسمبلیوں کو چوروں، لٹیروں اور مفاد پرستوں سے پاک کرنا ہوگا۔ کرپٹ مافیا نہیں چاہتا کہ ملک و قوم کی خدمت کرنے والے اسمبلیوں میں پہنچیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر ملکی تاریخی کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیاہے۔ مسلسل اضافے سے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت221 اور اوپن مارکیٹ میں 222روپے ہو گئی ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں 700پوائنٹس کی کمی سے سرمایہ داروں کے اربوں روپے ڈوب چکے ہیں۔ جبکہ ڈالر کی اونچی پرواز کے باعث غیر ملکی قرضوں کے حجم میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔

ملک میں جاری معاشی عدم استحکام پر قابوپانے کے لیے سودی نظام معیشت کو فی الفور ترک کرنا ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ  سیاستدانوں کی آپسی چپقلش میں سب سے زیادہ نقصان ملک و قوم اور قومی سلامتی کے اداروں کو پہنچ رہا ہے۔ ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں ۔ فرسودہ اور ظالمانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ عوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔