حکومت ہار گئی اور نواز شریف کا نظریہ جیت گیا: جاوید لطیف


لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ حکومت ہار گئی اور نواز شریف کا نظریہ جیت گیا، اب نظریہ ضرورت کو دفن کرنا ہوگا، نوازشریف کا پورے کا پورا سچ قوم کے سامنے رکھنا چاہیے، حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے تو آئندہ انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔

میاں جاوید لطیف نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم ریاستی اداروں کی غلطیوں کا ملبہ اٹھانے کیلئے تیار نہیں، ہم نے سیاست قربان کر کے ریاست بچانے کا فیصلہ کیا۔سینیئر ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے ضمنی الیکشن میں شکست کو غلط پالیسیوں کا نتیجہ قراردے دیا اور کہا کہ لوگوں نے ہمیں معاشی استحکام لانے کا مینڈیٹ دیا تھا، عمران حکومت پر  پردہ ڈالنے کا نہیں، لوگ ہم سے 3 ماہ کی کارکردگی کا پوچھتے رہے، حکومت میں ہوکر  بھی ہم نے لوگوں کے دکھوں کا کیا مداوا کیا؟

انہوں نے کہا کہ جماعتوں کے لوگ کمپرومائز کریں، پسند یا نا پسند کی بنیادوں پر فیصلے کیے جائیں گے تو یہی کچھ ہو گا۔جاوید لطیف نے عمران خان کو چیلنج دیا کہ خیبر پختونخوا اور  پنجاب میں اسمبلیاں ختم کریں اور الیکشن کااعلان کریں، ہم الیکشن کیلئے تیارہیں، اگر کوئی سوچے کہ آسانی سے نتائج ہضم کر لیں گے تو ایسا نہیں ہوگا، بار بار بند کمروں میں فیصلے ہوتے رہے تو ملک کے مستقبل کے لیے بہتر نہیں ہوگا۔

جاوید لطیف نے کہا کہ کوئی ماورائے آئین اقدامات کیے گئے تو جیل کے دروازے توڑ کر بھی لیڈر کو نکالنے کے لیے تیار ہیں، اداروں میں پنچائتیں ہوں گی تو آئین و قانون کہاں ہوں گے؟