کراچی(صباح نیوز)ایم کیو ایم کو دھچکا، فاروق ستار کاضمنی الیکشن آزاد حیثیت میں لڑنے کا اعلان،فاروق ستار کا کہنا ہے کہ متحدہ کے بھائیوں کو 4 سال تک میری یاد نہیں آئی، این اے 245 کا ضمنی الیکشن تالے کے انتخابی نشان پرلڑوں گا،نیک نیتی سے کوشش کی ایم کیو ایم میں جاکر دوبارہ اسے پاوں پر کھڑا کروں،مگر ایسا نہیں ہو سکا، ڈاکٹر خالد مقبول میرے گھر آئے ملاقات کی، 3 جولائی کو دودھ میں مینگنی ڈالنے کا سلسلہ شروع ہوا، میں نے کوئی ڈیمانڈ نہیں کی لیکن میرے باقی لوگوں کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق کنونیئر اور سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی فاروق ستار نے کراچی میں این اے 245 کا ضمنی الیکشن آزاد حیثیت میں تالے کے انتخابی نشان پر لڑنے کا اعلان کر دیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں مجھے ہرایا گیا۔ ایم کیو ایم کے بھائیوں کو 4 سال تک میری یاد نہیں آئی۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جس کی ڈوریں کسی اور کے ہاتھ میں ہوں وہ سیاست نہیں کرسکتے۔ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے بیانیے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ آج جو بیانیہ ان کا ہے،وہ میرا بہت پہلے سے ہے۔ فاروق ستار نے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایم کیو ایم سے الگ کیا گیا میں نہیں ہو ا تھا۔ خالد مقبول صدیقی سے میری تین ملاقاتیں ہوئیں۔ نیک نیتی سے کوشش کی کسی طرح خالد مقبول اور میں کھڑے ہوں۔ ہمارا ووٹ بینک چاہتا ہے سب ایک طرف کھڑے ہو جائیں۔
انھوں نے کہا کہ کوشش کی ایم کیو ایم میں جاکر دوبارہ اسے پاوں پر کھڑا کروں۔ میں نے 75 کراچی میں 30 پینل حیدر آباد میں ر کھے ۔ زیادہ تر نئے چہرے اور قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر خالد مقبول میرے گھر آئے ملاقات کی، 3 جولائی کو دودھ میں مینگنی ڈالنے کا سلسلہ شروع ہوا، میں نے کوئی ڈیمانڈ نہیں کی لیکن میرے باقی لوگوں کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ حمایت حاصل کرنے مصطفی کمال اور آفاق احمد کے پاس جاوں گا، کیا خالد مقبول صدیقی میری حمایت کریں گے؟ خالد بھائی اب بھی وقت ہے، یہ الیکشن یکجہتی کا ہے، میرا ہاتھ تھامیں اور اس دلدل سے نکلیں۔فاروق ستار نے بتایا کہ این اے 245 کے ضمنی اور بلدیاتی الیکشن کے لیے انتخابی دفتر قائم کردیا ہے۔