رحیم یار خان،باراتیوں کی کشتی دریائے سندھ میں الٹ گئی، 19 خواتین جاں بحق


رحیم یار خان(صباح نیوز)رحیم یار خان میں باراتیوں سے بھری کشتی دریائے سندھ میں الٹ گئی، دریا سے 19 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، اب بھی متعدد افراد کی تلاش جاری ہے۔ باراتیوں سے بھری کشتی سردار پور سے واپس آ رہی تھی کہ ماچھکا کے مقام پر الٹ گئی، کشتی میں 50 سے 70 افراد سوار تھے ،

ڈپٹی کمشنر کے مطابق افسوس ناک حادثہ اوور لوڈنگ کے سبب پیش آیا،ڈوبنے والوں کی تعداد کنفرم نہیں ہو رہی،ریسکیوآپریشن جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کے مطابق دریائے سندھ میں 50 سے زائد باراتیوں سے بھری کشتی سردار پور سے واپس آ رہی تھی کہ ماچھکا کے مقام پر الٹ گئی۔مقامی افراد نے فوری طور پر ڈوبنے والے 35 افراد کو زندہ بچا لیا جبکہ 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی تھیں۔باقی ڈوبنے افراد کو نکالنے کے لیے اطلاع ملنے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور مزید افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔کئی افراد کی اب بھی تلاش جاری ہے، مقامی افراد کے مطابق کشتی میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد  باراتیوں سے بھری کشتی الٹنے سے اب تک 19 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، تمام لاشیں خواتین کی ہیں۔ جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈوبنے والوں کی تعداد ابھی تک کنفرم نہیں ہورہی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ افسوس ناک حادثہ اوور لوڈنگ کے سبب پیش آیا، دریائے سندھ میں ڈوب جانے والے افراد کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، حادثے کے بعد زیادہ تر افراد کو مقامی افراد نے بچالیا تھا۔