شیخ رشید احمد نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب رانا عبدالجبار کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی


لاہور (صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب رانا عبدالجبار کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی۔

درخواست میں وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری، اووزیر داخلہ  رانا ثناء اللہ خان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

شیخ رشید نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے۔

شیخ رشید نے درخواست میں مئوقف اختیار کیا ہے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن کی تعیناتی خلاف قانون ہے ۔20 ویں گریڈ کے افسر کو ڈی جی اینٹی کرپشن نہیں لگایا جا سکتا۔

رانا عبدالجبار کا رانا ثنااللہ کے ساتھ تعلق ہے اسی بنیاد پر انہیں ڈی جی اینٹی کرپشن لگایا گیا ہے ۔رانا عبدالجبار کے خلاف فوجداری مقدمات چل رہے ہیں۔

شیخ رشید نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ رانا عبدالجبار کو بطور ڈی جی اینٹی کرپشن فوری کام سے روکا جائے ۔