غریب بہن بھائیوں کی مدد اور دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے،صبا ثاقب


لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور کی نائب صدر صبا ثاقب نے کہا ہے کہ غریب اور بے سہارا بہن بھائیوں کی خدمت اور ان کی ضروریات پوری کرنا عین عبادت ہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ جو ہر شعبہ زندگی میں انسانیت کی خد مت میں پیش پیش ہے ، الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عیدالاضحی کے موقع پر ایک ہزار سے زائد مستحق اور غریب خاندانوں کو قربانی کا گوشت فراہم کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے الخدمت رضا کاروں کی خدمات کی اعترافی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ کی دیگر عہدیداران بھی موجود تھیں ـ

صبا ثاقب نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ نہ صرف مختلف تہواروں پر اپنے غریب بہن بھائیوں کو خوشیوں میں شریک کرتا ہے بلکہ معمول کی زندگی میں بھی ہر شعبہ میں انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے ۔ جس میں مستحقین کو راشن ، روزگار اورجہیز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ یتیم بچوں کی کفالت ، ان کی تعلیم و تربیت اور پسماندہ بستیوں میں علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی اور قدرتی آفات کے موقع پر متاثرین کی مدد شامل ہے۔

علاوہ ازیں الخدمت خواتین ونگ ٹرسٹ کے زیر اہتمام بچیوں کو ہنر مند بنانے کے لئے سلائی ، کڑھائی سکھانے کے علاوہ بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لئے مختلف بیٹھک سکول بھی کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام امور الخدمت رضاکاروں کی بے لوث خدمات کے بغیر سرانجام دینا ممکن نہیں ہے ـ انسانیت کی خدمت ہی اصل عبادت ہے۔