ن لیگ اور پی ٹی آئی نے انتخابی مہم میں گالم گلوچ کے کلچرکو پروان چڑھایا،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی وسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی نے انتخابی مہم میں الزام تراشیوں اور گالم گلوچ کے کلچرکو پروان چڑھایا ۔

لیاقت بلوچ نے لاہور کے صوبائی حلقہ جات میں ضمنی انتخابات میں امیدواران خالد بٹ، وقار بٹ، عثمان غنی، عمیر اعوان کے دفاتر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے انتخابی مہم میں تمام ضابطہ اخلاق پامال کردیئے،تعمیری اور مثبت انتخابی مہم کی بجائے فسادی، الزام تراشیوں اور گالم گلوچ کے کلچر کو پروان چڑھایا۔جماعت اسلامی کے امیدواران نے اسلامی، اخلاقی، فلاحی اور انقلابی منشور، کردار کے ساتھ مہم چلائی ،ضمنی انتخابات نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ مسلم لیگ، پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کے ہاتھوں جمہوریت، پارلیمانی انتخابی بنیادیں اور قومی اقدار غیرمحفوظ ہیں ،نسل در نسل نفرت، انتقام، شدت اور انتہاپسندی آبجیکٹ کردی گئی ،جماعت اسلامی طویل جدوجہد کے ساتھ قومی سلامتی، آئین، جمہوریت اور انتخابات کی حفاظت کرے گی،ہمیں یقین کہ عوام بالآخر تھک ہار کر اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کیساتھ جو بدترین شرائط طے کیں مسلم لیگ ن اور اتحادیوں نے اس پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے،داخلہ، خارجہ، اقتصادی محاذ پر یہ سب ایک ہیں،ملک و ملت کو پریشانیاں، دکھ دینا ان کا مشترکہ ایجنڈہ ہے،الیکشن کمیشن کو زیر کرنے، دبا ئومیں رکھنے کے حربے استعمال کئے جارہے ہیں لیکن جمہوری قوتیں الیکشن کمیشن کو مکمل بااختیار اور غیرجانبدار بنانے کے لیے تیار نہیں،اسٹیبلشمنٹ کی سیاسی مداخلت کے خاتمے کی بجائے ا پنے پلڑے میں ڈالنے کے لیے تگ و دو کی جاتی ہے،شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے انتخابی اصلاحات پر قومی اتفاق رائے ناگزیر ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے فرار مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کا عیر جمہوری کردار ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ، کے پی کے، بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات مکمل ہورہے ہیں لیکن پنجاب کے عوام کو شہری حقوق کے حصول سے محروم رکھا جارہا ہے،حکمران شرم کریں، آئینی فرض ادا کریں اور پنجاب میں بلاتاخیر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔