سراج الحق کل سے کراچی کا دو روزہ دورہ کریں گے


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق اتوار اور سوموار کو دو روزہ دورہ پر کراچی جا رہے ہیں جہاں وہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ، جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔

سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپنے دورہ کے دوران سراج الحق سندھ کے بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں ہونے والے مختلف انتخابی جلسوں میں شرکت بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں لسانی تعصبات اور جھگڑوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کے خاتمے کے لیے مصالحتی کردار ادا کرنا بھی امیر جماعت کے دورہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

امیر جماعت ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور فوزیہ صدیقی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ پر بھی جائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر قیادت بھی سراج الحق کے ہمراہ ہو گی۔