پی ٹی آئی اور ن لیگ ایک دوسرے کے چوروں کو تحفظ دیتے ہیں ،اقبال خان


راولپنڈی (صباح نیوز)قائمقام صوبائی امیرجماعت اسلامی پنجاب اقبال خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ،نواز لیگ اور پیپلزپارٹی کی لیڈرشپ ایک دوسرے پرچورڈاکوکے الزامات عائد کرتی ہے جوحقیقت، لیکن سابقہ او رموجودہ حکمران ایک دوسرے کے چوروں کوتحفظ دیتے ہیںسالہا سال سے لوٹ مارکے کیس احتساب اداروں اور عدالتوں میںموجود، لیکن قومی دولت لوٹنے والے جیلوں کی بجائے اقتدارکی مسندوں پرقابض نظرآتے ہیں ،ترازو قوم کے لیے امید،اہل پنجاب ضمنی الیکشن میں جماعت اسلامی کے دیانتدارامیدواران کوووٹ دیں ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوارپی پی 7 راجہ تنویراحمدکی انتخابی مہم کے آخری جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرامیرضلع سیدعارف شیرازی ،امیدوارپی پی 7راجہ تنویراحمد،ضلعی سیکرٹری محمدعثمان آکاش سمیت دیگرعہدیداران نے بھی اظہارخیال کیا۔ نائب امیرصوبہ حافظ تنویراحمد، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،نائب امرائے ضلع ،کوآرڈینیٹرانتخابی مہم ابرار احمد عباسی سمیت ذمہ داران، کارکنان اور حلقہ کے عوام کی بڑی تعداد انتخابی جلسہ میں شریک ہوئی ۔

اقبال خان نے کہاکہ وفاق سمیت پنجاب ،سندھ ،خیبرپختونخوا اوربلوچستان پرقابض کرپٹ اشرافیہ عوامی خزانے کوابا جی کامال سمجھ کرہڑ پ کررہی ہے 9سال سے خیبرپختونخواپرقابض عمران خان حکومت 5ارب کی 158بی آرٹی بسیں صرف32ہزارروپے میں فروخت کرنے کے شرمناک معاہدے کررہی ہے،پنجاب کی سابقہ اور موجودہ حکومتیں عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے مال بنانے کے لیے سرگرم رہیں ، الیکشن کمیشن ،نیب سمیت عدالتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں توکرپٹ مافیاباربارقوم پرمسلط ہونے کی بجائے انجا م کوپہنچے ہرالیکشن میں پارٹی بدل کرحکومت کا حصہ بننے والے قوم کے مجرم ہیں،عوام نے دوست اوردشمن کی پہچان نہ کی توپنجاب سمیت پاکستان بھرمیں چوروں اورڈاکوئوں کا قبضہ برقراررہے گا ،جماعت اسلامی کوجب بھی موقع پر ملا دیانتدارقیادت نے کم وسائل کے باوجودہ عوام کوریلیف دیا۔

سیدعارف شیرازی نے کہاکہ ووٹ کی پرچی کے ذریعے راولپنڈی کومسائل کا گڑھ بنانے والوں سے انتقام کا وقت آگیا ہے ۔امیدوارپی پی 7راجہ تنویراحمدنے کہاکہ قوم ترازو کوووٹ دے امیرجماعت سراج الحق کے سپاہی پنجاب اسمبلی میں عوام کی حقیقی آوازبنیں گے۔