پی ٹی آئی اور اتحادی حکومت کی سیاسی کشمکش سے ادارے کمزور ہوں گے ،معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چا ہے ، محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور اتحادی حکومت کی سیاسی کشمکش سے ادارے کمزور ہوں گے ،معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنا وقت کا سب سے اہم تقاضا ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کرپٹ عناصر کی دھوکہ بازی کو سمجھیں اور ان کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے سیاست سے نکال باہر کریں ۔جب تک ان کو مسترد نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ملک میں خوشحالی آسکتی ہے اور نہ ہی ترقی کا دور شروع ہو سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ، بے روز گاری ، لاقانونیت، کرپشن اور فرسودہ نظام نے عوام سے خوشیاں بھی چھین لی ہیں ، عوام نے مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو آزما لیا ہے ، ملک وقوم کو درپیش تمام مسائل کا حل اور حقیقی تبدیلی صرف اور صرف جماعت اسلامی لا سکتی ہے۔ہماری قیادت کرپشن سے پاک اور محب وطن ہے ۔ وسائل سے مالا مال پاکستان کرپٹ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت آج مسائلستان بن چکا ہے ۔

جماعت اسلامی کے رہنمانے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد بر سراقتدار آنے والی اتحادی حکومت بھی ہر محاذ پر بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے ،ان کے پاس بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔عوام بدحال اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تینوں بڑی جماعتوں نے اگر حقیقی معنوں میں ملک و قوم کے لئے کچھ کیا ہوتا تو آج پاکستان کی تقدیر بدل چکی ہوتی اور عوام کی زندگی میں خوشحالی ہوتی ، مگر بد قسمتی سے عوام دن بدن بد سے بدتر حالات سے دوچار ہوتے جا رہے ہیں۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کو اپنا ووٹ سوچ سمجھ کر اور حق داروں کو دینا ہو گا، تاکہ نا اہل ، کرپٹ اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں سے نجات مل سکے ۔ادارے تباہ اور اہم عہدوں پر نا اہلوں کو تعینات کیا جا رہا ہے