لاہورضمنی انتخابات: لاہور میں پی ٹی آئی کارکن سے 200 شناختی کارڈز برآمد


لاہور(صباح نیوز)لاہور کے فیکٹری ایریا سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن سے تقریبا 200 شناختی کارڈز برآمد کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق ملزم خالد سندھو پی پی 168 میں شناختی کارڈز کے ذریعے ووٹ خریدنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ملزم نے پی پی 168 لاہور کی مختلف یوسیز میں ووٹروں کے شناختی کارڈ لیکر انہیں پیسے دیے۔پولیس کے مطابق ملزم خالد سندھو نے بتایا کہ ان لوگوں کی ڈیمانڈ تھی اور ہر کارڈ کے عوض پیسے دینے کی ڈیل ہوئی تھی، ڈیل یہ تھی کہ  ہر کارڈ  پر اتنے پیسے دیں تو ووٹ ڈالیں گے، اس لیے کارڈ اکٹھے کیے تھے کہ ہر کارڈ کے عوض کسی کو 2 اور کسی کو 3 ہزار روپے دینے تھے ۔

پی پی 168 الیکشن،زیرحراست شخص کی فرخ حبیب کیساتھ مبینہ واٹس ایپ گفتگو لیک

پنجاب میں ضمنی انتخابات کے لیے لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں ایک شخص سے شناختی کارڈ ملنے کے معاملے پر زیرحراست شخص کی فرخ حبیب کے ساتھ مبینہ واٹس ایپ گفتگو لیک ہوگئی۔

ملزم نے پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس سے مبینہ طور پرگفتگو کی۔ ملزم نے گزشتہ رات تمام شناختی کارڈزمبینہ طور پر فرخ حبیب کو بھیجے۔ملزم اور پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت کے درمیان چیٹ مئی میں شروع ہوئی۔ ملزم نے حافظ فرحت کو مبینہ طور پر سینکڑوں شناختی کارڈ خرید کر بھیجے گئے۔

فرخ حبیب نے ملزم خالد سندھو کو جون میں واٹس ایپ میسج کیا۔ واٹس ایپ چیٹ کے مطابق فرخ حبیب نے ملزم کو اپنے گھر پر بلایا۔ ملزم نے بتایا کہ وہ گزشتہ رات تک 7 ہزار ووٹ خرید چکا تھا۔ ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں، یہ مسلم لیگ(ن) کی جانب سے ڈرامہ کیا گیا، میں اس شخص کو جانتا ہی نہیں، مخالفین نے ان لوگوں کو پلانٹ کیا ہواہے، روزانہ سیکڑوں لوگوں سے بات ہوتی ہے۔