سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کا پنجاب ضمنی انتخابات کا جائزہ لینے پنجاب پولیس کے کنٹرول روم کا دورہ،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پنجاب کے ساتھ اہم ملاقات ایڈیشنل سیکریٹری کی سیکورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ


لاہور( صباح نیوز)سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان پنجاب ضمنی انتخابات کا جائزہ لینے لاہور سول سیکریٹریٹ پہنچ گئے۔ بعد ازاں پنجاب پولیس کی طرف سے قائم کردہ کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا،

ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق  سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کی ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پنجاب کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی ۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل بھی ہمراہ تھے،میٹنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان۔ ایڈیشنل آئی جی اور سی سی پی او لاہور نے بھی شرکت کی،سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ایڈیشنل سیکریٹری  نے سیکورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی ،اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس پہلے مرحلے پر حالات کو کنڑول کرنے کے لئے مستعد ہے،دوسرے پر رینجرز اور ایف سی جبکہ تیسرے مرحلے کے لئے آرمی کو تعینات کیا گیا ہے ۔

اس موقع پر سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہاکہ امن و امان کی صورت حال کو قابو رکھنا انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے ؟ امید ہے ہم پر امن الیکشن کے انعقاد میں کامیاب ہوں گے۔ انہو ںنے کہاکہ کسی بگڑتی ہوئی صورتحال کو سنبھالنے کے لئے ہمارا ریسپانس ٹائم کم سے کم ہونا چاہیے ۔ عمر حمید خان نے کہاکہ  تخریبی عناصر سے سختی سے نمٹیںگے ۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر رہے ہیں اور کریں گے۔

عمر حمید خان نے کہاکہ ووٹروں کو کانفیڈنس دینے اور امن عامہ قائم رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدام کیا ہے اور کر رہے ہیں ۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے پنجاب پولیس کی طرف سے آئی جی آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا۔کنٹرول روم کے دورے کے دوران آئی پنجاب راو سردار علی خان نے مختلف پولنگ سٹیشنوں پر حساسیت کے حوالے سے تعینات نفری اور ریسپانس طریقہ کار پر بریفنگ دی،عمر حمید خان نے پولیس کی جانب سے نفری تعیناتی اور مشکل صورت حال سے نپٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔۔