الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے پر عزم ہے ، سعید گل


لاہور(صباح نیوز) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے 20حلقوں میں 17جولائی کو منعقد ہونیوالے ضمنی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے پر عزم ہے اور پر امن ضمنی انتخاب کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ 17جولائی کو ضمنی انتخاب کے انعقا د کو مانیٹر کرنے کیلئے سیکرٹری الیکشن کمیشن لاہور میں کیمپ کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر بمعہ چاروں ممبران الیکشن کمیشن، اسلام آباد میں قائم کنٹرول روم میں انتخابی عمل کو مانیٹر کریں گے۔ جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے بتایا کہ ضمنی انتخاب کے انعقاد کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ سیکورٹی، ٹرانسپورٹ اور دیگر پلان انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے تیار کر لیے گئے ہیں۔ بیلٹ پیپرز کی ترسیل ریٹرننگ افسران تک کر دی گئی ہے۔ پولنگ ڈے پر ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ پولنگ سے ایک روز قبل الیکشن میٹریل ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کر دیا جائے گااور پولنگ عملہ بمعہ سکیورٹی اہلکاران پولنگ اسٹیشنز تک پہنچائے جائیں گے اور پولنگ کے اختتام کے بعد پولنگ عملہ بمعہ پولنگ ریکارڈ سیکورٹی اہلکار کی تحویل میں واپس ریٹرننگ افسر کے دفاترتک پہنچائے جائیں گے۔

ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے الگ گاڑی کا انتظام کیا گیا ہے۔ الیکشن ڈیوٹی کیلئے مختص گاڑیوں، پولنگ اسٹا ف اور سکیورٹی کے اہلکاران کا مکمل ریکارڈ الیکشن کمیشن کے پاس موجود ہے اور ان کی نقل و حمل پر خاص نظر رکھی جائے گی۔انتخابی حلقوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقراررکھنے کیلئے سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے آگاہ کیا کہ ضمنی انتخاب میں پولیس، رینجرز اور آرمی کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کے جوان تعینات ہوں گے جبکہ ر رینجرز حلقوں میں گشت کرے گی، آرمی اسٹینڈ بائی پوزیشن پر ہوگی۔

ضمنی انتخاب میں پچاس ہزار کے قریب پولیس اہلکاران ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائیوں کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 20حلقوں میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کی اور اس حوالے سے سرکاری محکموں میں تقرریوں اور تبادلوں، اوورسائز بینرزو پینا فلیکسز، ترقیاتی سکیموں کے اعلانات، پبلک ہولڈرز کی انتخابی مہم میں شرکت، ہوائی فائرنگ اور پر تشدد تقاریر کے خلاف نوٹسز جاری کئے گئے اور اس حوالے سے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ اب تک ضابطہ اخلا ق کی خلاف ورزیوں پر 577,500 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔صوبائی اسمبلی پنجاب کے 20 حلقوں میں پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 3,131 ہے۔

صوبہ پنجاب کے 20حلقوں میں 676 انتہائی حساس، 1194 حساس اور 1271 نارمل پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر CCTVکیمرے نصب کیے جائیں گے۔پولیس اور رینجرز کی خاطر خواہ نفری حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی سرانجام دے گی۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی طرف سے پولنگ اسٹیشنز پر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔عوام الناس کی سہولت کیلئے 8300 ایس ایم ایس سروس کوفعال کر دیا گیا ہے۔ضمنی انتخاب والے حلقوں کے ووٹرز اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300پر بھیج کر اپنے کوائف اور متعلقہ پولنگ اسٹیشن کا نام جان سکتے ہیں۔

صوبائی اسمبلی پنجاب کے 20 حلقوں میں کل 4,579,898 (پینتالیس لاکھ، اناسی ہزارآٹھ سو اٹھانوے)جن میں سے 2,460,206 (چوبیس لاکھ، ساٹھ ہزار، دوسو چھ) مرد ووٹرز ہیں جبکہ 2,119,692 (اکیس لاکھ، انیس ہزار،چھ سوبانوے)خواتین ووٹرز ہیں۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے آگاہ کیا کہ امیدواران کو ہدایات جاری کی گئی کہ ان کے پولنگ ایجنٹس لازمی طور پر پریذائیڈنگ افسران سے دستخط شدہ فارم 45اور فارم 46 کی کاپی حاصل کریں اور ان کاپیوں کی وصولی کی رسید دیں۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے آگاہ کیا کہ 15اور 16جولائی کی درمیانی شب12 بجے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں مختلف سطحوں پر پولنگ عمل کی نگرانی کیلئے کنٹرول روم قائم کئے ہیں جہاں پولنگ کے عمل کی نگرانی کی جائے گی اور شکایات وصول کی جائیں گی۔

ووٹر لسٹ میں سے کوئی ووٹ ادھر سے ادھر نہیں ہوئے،صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی رہنما پی ٹی آئی کے الزامات کی تردید

 صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے  رہنما پی ٹی آئی کے الزامات کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی طرف سے بیانات اور الزامات بے بنیاد ہیں، ان کو فہم نہیں کہ ووٹر لسٹ کے حوالے سے کہی بات کا سیاق و سباق کیا ہے جاری بیان میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہاکہ ووٹر لسٹ میں سے کوئی ووٹ ادھر سے ادھر نہیں ہوئے۔