حکمرانوں کی کارکردگی نے لوگوں کو شدید مایوس کیا ہے،لیاقت بلوچ


لاہور ( صبا ح نیوز )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کارکردگی نے لوگوں کو شدید مایوس کیا ہے ملک و قوم کی تقدیر صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی بد ل سکتی ہے۔

قاسم پورہ کینٹ سے دھرم پورہ تک نکالی جانے والی ریلی کے موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد اور پی پی 158سے امیدوار عمیر اعوان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اللہ پاک نے قوم کو اپنا اوراپنے وطن کا مستقبل سنوارنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ اگر یہ موقع بھی کھو دیا تو ہماری آنے والی نسلیں بھی ملک کا قرض نہیں اتار سکیں گی۔ انہوں نے کہاکہ قوم نے 74سال تک ووٹ جھوٹے وعدوں اور سہانے نعروں پر دیا۔اب ہوش کے ناخن لے اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کو  ووٹ دے جن کا دامن کرپشن سے پاک اور خدمت ،امانت و دیانت منشور ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ  معاشی عدم استحکام کے باعث ادارے تباہی کا منظر پیش کررہے ہیں جبکہ عوام کی زندگی دن بدن ابتر ہوتی چلی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ  حکمرانوں کی کارکردگی نے لوگوں کو شدید مایوس کیا ہے۔تینوں بڑی جماعتیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ ان سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔  لاہور کے عوا م 17جولائی کو کرپٹ افراد کو ووٹ دینے کی بجائے محب وطن اور ایماندار قیادت کو ووٹ دیں تاکہ ان کے مسائل گھروں کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی  نے کہاکہ گزشتہ 40برسوں سے مٹھی بھر اشرافیہ نے چہرے اور پارٹیاں بدل بدل کر عوام پر حکمرانی کی ہے۔ مگر عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔ قومی خزانے کو جس بے دردی سے لوٹا گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔  ملک و قوم کی تقدیر صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی بد ل سکتی ہے۔