لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش،چھت گرنے سے 2افراد زخمی


لاہور(صباح نیوز)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوںمیں موسلادھار بارش سے کئی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں،بہاولنگرمیں چھت گرنے سے خاتون سمیت 2افراد زخمی ہو گئے۔

جمعہ کی صبح شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ لاہورکی ڈیوس روڈ، ایجرٹن روڈ، حبیب اللہ روڈ، گڑھی شاہو، مال روڈ، شملہ پہاڑی، کینال روڈ، گوالمنڈی، جیل روڈ، مزنگ، لکشمی، جیل ٹائون، اقبال ٹاون اور رائے ونڈ میں بادل خوب برسے جس سے کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔

گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ، قصور اور پاک پتن میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر ِآب آگئے اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ موسلادھار بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں جبکہ بہاول نگر میں بارش کے بعد دکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔