سی پی این ای کے وفد کی اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے ملاقات


لاہور(صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر کاظم خان کی قیادت میں ایاز خان، ارشاد احمد عارف، شہریار تاثیر، ضیاء تنولی اور زبیر محمود پر مشتمل وفد نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔

ملاقات میں آزادی اظہار رائے، آزادی صحافت، صحافیوں، میڈیا ورکرز اور میڈیا اداروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے پیکا ایکٹ کو آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پیکا ایکٹ کے خاتمے سمیت سی پی این ای کے تمام مطالبات کی حمایت کی اور کہا کہ نوازشریف اور ان کے حواریوں نے”آزاد سوچ اور آوازوں” کو بند کرنے کیلئے پیکا ایکٹ متعارف کروایا، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اس کی آزادی پاکستان کی ترقی، سلامتی اور بقاء کیلئے بھی انتہائی ضروری ہے

انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ صحافی برادری اور پاکستان کے عوام کیساتھ حکومت کا امتیازی سلوک ہے، پیکا ایکٹ فوری منسوخ ہونا چاہیے، ضمنی انتخابات کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی میڈیا کو کوریج کی اجازت دی جائے،میڈیا کی آزادی پر کسی قسم کی پابندی لگانا ہمارے اپنے مفاد میں بھی نہیں ہے، ہم نے ہمیشہ میڈیا کی آزادی او راس کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا ہے، آزاد میڈیا پاکستان کی ترقی، سلامتی اور بقا کیلئے انتہائی ضروری ہے،پاکستان مسلم لیگ (ق) کے دور حکومت میں الیکٹرانک میڈیا کے ریکارڈ لائسنس جاری ہوئے اور ہم نے میڈیاکی تنقید کو کھلے دل سے قبول کیا، میڈیا کی تنقید سے ہمیشہ اصلاح کا پہلو لیا۔

اس موقع پر صدر سی پی این ای کاظم خان اور وفد میں شامل رہنمائوں نے کہا کہ سی پی این ای پیکا ایکٹ 2016سمیت ایسے تمام قوانین کے خلاف ہے جو بنیادی انسانی حقوق،آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر قدغن کے مترادف ہوں،سی پی این ای ایسے قوانین کے خاتمے اور منسوخی کیلئے آواز بلند کرتی رہے گی۔