جماعت اسلامی ملک و قوم کو کرپشن سے پا ک اور محب وطن قیادت فراہم کر سکتی ہے۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری اور پی پی 170کے امیدوار وقاص بٹ نے حلقہ میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو آزما لیا ہے ، یہ تینوں جماعتیں”ا سٹیٹس کو” کی جماعتیں ہیں جو جب بھی بر سر اقتدار آئیں صرف اپنے مفادات کو تحفظ فراہم کیا ہے ۔ آئندہ بھی ان لوگوں سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی ۔ ملک وقوم کو درپیش تمام مسائل کا حل اور حقیقی تبدیلی صرف اور صرف جماعت اسلامی لا سکتی ہے۔ہماری قیادت کرپشن سے پاک اور محب وطن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تینوں بڑی جماعتوں نے اگر حقیقی معنوں میں ملک و قوم کے لئے کچھ کیا ہوتا تو آج پاکستان کی تقدیر بدل چکی ہوتی اور عوام کی زندگی میں خوشحالی ہوتی ، مگر بد قسمتی سے عوام دن بدن بد سے بدتر حالات سے دوچار ہوتے جا رہے ہیں۔مہنگائی ، بے روز گاری ، لاقانونیت، کرپشن اور فرسودہ نظام نے عوام سے خوشیاں بھی چھین لی ہیں ، ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کو اپنا ووٹ سوچ سمجھ کر اور حق داروں کو دینا ہو گا، تاکہ نا اہل ، کرپٹ اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں سے نجات مل سکے ۔ادارے تباہ اور اہم عہدوں پر نا اہلوں کو تعینات کیا جا رہا ہے ۔عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں مگر حکمرانوں کے گھوڑے، گدھے اور دیگر جانور بھی اے سی میں رہتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ وسائل سے مالا مال پاکستان کرپٹ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت آج مسائلستان بن چکا ہے ۔تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد بر سراقتدار آنے والی اتحادی حکومت بھی ہر محاذ پر بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے ،ان کے پاس بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے ۔عوام بدحال اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں