قرآن و سنت کی رہنمائی قیامت تک سلامت رہے گی، لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قرآن کریم میں حضرت ابراہیم خلیل اللہ اور حضرت محمدۖ خاتم الانبیا رحمت اللعالمین ہیں۔ حضرت ابراہیم کو تین بڑے مذاہب اسلام، عیسائیت اور یہودیت تسلیم کرتے ہیں۔ عیسائیت اور یہودیت نے حق کا راستہ چھوڑ دیا۔ قرآن و سنت کی رہنمائی قیامت تک سلامت رہے گی۔

لاہور کے ضمنی انتخابی حلقوں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امتِ محمدیہۖ کو دعوتِ دین، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ ادا کرنا ہے۔ مہنگائی، افراطِ زر، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام تنگ اور افراتفری کا شکار ہیں لیکن اہلِ ایمان میں قربانی کا فریضہ ادا کرنے کا جذبہ ایمان قابلِ قدر ہے۔ عیدِ قرباں ہر طرح کے جذبہِ قربانی کی آبیاری کرتا ہے۔ اللہ تعالی کی کبریائی بلند کی جاتی ہے، اللہ کے ہرحکم کو سیاست، ریاست، معیشت اور اخلاقیات پر بالادست بنانا عوام کی ذمہ داری حکومتوں کا فرض ہے۔

لیاقت بلوچ نے کراچی اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی تباہی پر متآثرین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، منعم ظفر، امیر بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی اور معروف دانش ور امان اللہ شادیزئی، سپریم کورٹ بار کے سابق صدر امان اللہ کنرانی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر عبدالشکور سے رابطہ کیا اور سیلاب کی تباہ کاریوں، حکومتوں اور سرکاری اداروں کی عوام دشمن کارکردگی اور ریلیف کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شہری سہولتیں دینا، قدرتی آفات سے بچا، متآثرین کی مالی امداد کرنا، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی بجائے عوام کی خدمت حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن کراچی اور بلوچستان میں ہر دور کی حکومتوں نے بدانتظامی، کرپشن، سرکاری وسائل پر لوٹ مار اور عوام کو ہر سہولت سے محروم رکھنا فوجی حکمرانوں، پی پی پی، مسلم لیگ، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ عوام کو اپن دشمنوں اور حقوق چھیننے والوں کے خلاف بیدار اور منظم ہونا ہوگا۔ جماعتِ اسلامی مقدور بھر عوام اور متآثرین کی خدمات کا قومی فرض ادا کرے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابی حلقوں میں امیدواران کے چنا، انتخابی مہم اور بدزبانی و بدکلامی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تمام انتخابی ضابطہ اخلاق کو مسلم لیگ اور پی ٹی آئی نے پامال کردیا ہے۔ اربوں روپے جھونکے جارہے ہیں اور عوام کے انتخابی، اخلاقی اور پارلیمانی رویوں کو تباہ کیا جارہا ہے۔ پنجاب کے ووٹرز ووٹ کی طاقت سے عوام اور جمہوریت دشمنوں کو مسترد کردیں ،جماعتِ اسلامی ترازو کا ساتھ دیں، پاکستان اسلامی اور خوشحال ہوگا۔