لاہور،کمسن گھریلو ملازم بھائیوں پر بہیمانہ تشدد، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی


لاہور(صباح نیوز ) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس میں 2کمسن گھریلو ملازم بھائیوںپر بہیمانہ تشدد کے نتیجے میں 11سالہ کامران جاں بحق اور 7سالہ رضوان زخمی ہوگیاتشدد میں ملوث تین ملزمان گرفتاردو فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تازہ رپورٹس کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے ڈیفنس میں کراچی کے رہائشی 2 کم سن گھریلو ملازمین پر تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس میں 11 سالہ کامران جاں بحق اور اس کا بھائی 7 سالہ رضوان شدید زخمی ہوگیا۔ دونوں ایک سال سے نصر اللہ نامی شہری کے گھر کام کر تے تھے۔پولیس کے مطابق دونوں بچوں پر اہل خانہ کی جانب سے تشدد کیا گیا اور حالت غیر ہونے پر ملزمان انہیں نجی اسپتال لے کر گئے، جہاں اسپتال کے عملے نے بچوں کی حالت دیکھ کر قانون نافذ کرنے والے ادارے کو اطلاع دی۔

دونوں بھائیوں پر تشدد کے الزام میں نصراللہ، اس کی اہلیہ شبانہ اور بیٹے محمود کو پولیس نے حراست میں لے لیا جب کہ دوسرا بیٹا ابوالحسن اور بہو حنا فرار ہیں، جنہیں تلاش کیا جا رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول 12 سالہ کامران کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔ ملزمان کے پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق انہوں نے بچوں کو فریج سے اشیا کھانے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیم کو مقتول کے لواحقین سے رابطہ کرنے اور پولیس کو ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی