حج عبادت بھی ہے اور امت مسلمہ کے اتحاد کا عالمگیر مظہر بھی،حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز) مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے ہے کہ   حج عبادت بھی ہے اور امت مسلمہ کے اتحاد کا عالمگیر مظہر بھی۔ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے ہر زبان، نسل اور رنگ کے اہل ایمان عرفات کے میدان اور خانہ کعبہ کے طواف میں یک جان ہوتے ہیں۔ سب ایک دوسرے کا احترام کرتے اور باہمی اخوت پر فخر کرتے ہیں۔ ہر حاجی کا لباس بھی یکساں اور زبان پر ا للہ کی محبت، اطاعت اور حکمرانی کا اعلان بھی ہوتا ہے۔ کیا ہی عظیم بات ہو اگر اپنے باہمی معاملات پر بھی ساری امت اور اس کے حکمران اسی طرح یک سوئی کے ساتھ ملی مفادات کا متحد ہو کر تحفظ کر سکیں۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ حج اور عیدالاضحی کا ایک اہم فریضہ قربانی ہے۔ کئی لوگ قربانی کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہیں حالاںکہ حکم ربّانی اور سنتِ ابراہیمی و محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔ عبادت ہونے کے ساتھ بے شمار لوگوں کے روٹی، رزق اور معاشی بہتری کا بھی ذریعہ ہے۔ قربانی کے گوشت سے معاشرے کے وہ لوگ بھی فائدہ اٹھاتے ہیں جو سال بھر گوشت نہیں کھا سکتے۔ قربانی کی کھالوں کی آمدنی سے غربا و مساکین کی امداد کے لیے بے شمار فلاحی و خیراتی ادارے بھی استفادہ کرتے ہیں۔