الخدمت فاؤنڈیشن قربانی فی سبیل اللہ مہم 2022 کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے،محمد عبدالشکور


لاہور(صباح نیوز)ایثار وقربانی کا جذبہ ہی سنت ابراہیمی ہے۔اپنی نفسانی خواہشات اور انا کو قربان کرکے اللہ کی رضا حاصل کرنا ہی اس کا اصل پیغام ہے۔عیدالاضحی حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کی بے مثال قربانی کی یاد تازہ کرتی ہے۔اسی سنت کی پیروی کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن سالہا سال سے ملک گیر قربانی فی سبییل اللہ کا اہتمام کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمدعبدالشکورنے عیدالاضحی کے موقع اپنے پیغام میں کیا۔انھوں نے مزیدکہاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان ملک بھرسمیت مظلوم روہنگیا،شامی،فلسطینی اورافغان بہن بھائیوں کے لئے ہزاروں جانور قربان کیے جائیں گے۔ روایتی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ جدید سلاٹر ہاوسز میں قربانی کی جائے گی۔جہاں سے اس گوشت کو حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظررکھتے ہوئے پیک کرکے دور دراز پسماندہ علاقوں تک چلر ٹرکوں کے ذریعے پہنچایاجائے گا۔

قربانی کی بکنگ اورخریداری سے لیکر زبیحہ کی تاریخ و مقام اور ڈونر رپورٹنگ تک کا تمام ریکارڈ جدید سافٹ ویئر کے ذریعے مرتب کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ سال الخدمت قربانی فی سبیل اللہ مہم کے تحت 3951بڑے اور1855چھوٹے جانورقربان کئے گئے جس سے مجموعی طور پر 2لاکھ 12 ہزارسے زائد مستحق خاندان مستفید ہوئے۔