نواز شریف ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتے رہے ہیں ،فرخ حبیب


فیصل آباد(صباح نیوز) وزیر مملکت اطلاعات  و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے دھاندلی کے تمام راستے بند ہو جائیں گے ، اس سے ٹھپہ مافیا کا خاتمہ ہو جائے گا،عوام آئندہ انتخابات ای وی ایم سے کرانے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں ۔

فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ سب کو پتہ ہے نواز شریف ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتے رہے ہیں ، عوام کا ووٹ چوری ہوتا رہا ہے اس چوری کو روکنے کیلئے موجودہ حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے الیکشن کرانے کا سوچا ہے۔ 2018 کے انتخابات میں 15 لاکھ ووٹ مسترد ہوگئے۔ آج دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے۔ ہمارے ہاں اپوزیشن ای وی ایم کی مخالفت کررہی ہے وہ پرانے ٹھپہ سسٹم کو ہی لے کر چلنے پر بضد ہے ٹھپہ سسٹم کے ذریعے ووٹوں پر ٹھپے لگا کر ڈبو میں ڈال دئیے جاتے ہیں۔ ای وی ایم کے ذریعے نہ ٹھپہ چلے گا نہ دھاندلی ہوگی اور کسی کا ووٹ ضائع نہیں ہوگا۔ سندھ میں پیپلزپارٹی کی شکل میں ٹھپہ مافیا موجود ہے۔ بے تحاشا جعلی ووٹ ڈالے جاتے ہیں۔ ای وی ایم سے دھاندلی کا شبہ نہیں رہے گا اور نتائج بھی بروقت آئیں گے اور ووٹ بھی چوری نہیں ہوں گے۔ ای وی ایم مشین سے انتخابی دھاندلی کے تمام راستے بند ہو جائیں گے عوام آئندہ انتخابات ای وی ایم سے کرانے کیلئے حمایت کریں ۔ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ عوام کا سوچتے ہیں وہ بے گھر افراد کو گھر دینا چاہتا ہے پہلی بار کم آمدن والے شخص کو اپنا گھر بنانے کیلئے بینک قرضہ دے رہے ہیں۔ بینکوں کو 224 ارب کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن  میں سے 90 ارب روپے کے قرضے بنک منظور کرچکے ہیں ۔ بینکوں نے 24 ارب روپے کے قرضے دے بھی دئیے ہیں۔ پوری دنیا میں مہنگائی ہے پٹرول دنیا بھر میں مہنگا ہوگیا ہے ہمیں عالمی منڈی سے پٹرول مہنگا مل رہا ہے جیسے ہی عالمی سطح پر اس کی قیمتیں کم ہوںگی فوری طورپر عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔ عوام کو راشن کارڈ دئیے جائیں گے جس کے ذریعے عام دکان سے بھی آپ آٹا ، گھی اور دالیں سستے داموں خرید سکیں گے اس کارڈ کے ذریعے عوام کو 1000 روپے کی سبسڈی دی جائے گی علاج کیلئے ہیلتھ کارڈ دئیے جارہے ہیں۔ کے پی کے میں سب کو ہیلتھ کارڈ مل چکے ہیں ، اب پنجاب میں دئیے جائیں گے۔ دسمبر تک پوری آبادی کو ہیلتھ کارڈ مل جائیں گے جو وزیراعظم چور نہ ہو وہ عوام کے بارے میں سوچتا ہے۔ حکومت نے عالمی مہنگائی کے مقابلے میں عوام پر کم سے کم اثرات منتقل کیے ۔ پہلی بار پٹرول پر 17 فیصد کی بجائے زیرو جی ایس ٹی لی جارہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت پاکستان کو درست سمت میں لے آئی ہے۔ ملکی ترقی کے نئے دور کا اب آغاز ہوگا ۔ وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے خلاف ہر عالمی فورم پر آواز ٹھائی۔ وزیراعظم نے عالمی سطح پر کشمیریوں کا مقدمہ بھی ڈٹ کر لڑا۔