ہرالیکشن میں نئی پارٹی کا جھنڈا اٹھانے والا دھوکے باز قوم کامخلص نہیں ،اقبال خان


راولپنڈی ( صباح نیوز)قائمقام امیرجماعت اسلامی پنجاب اقبال خان نے کہاکہ نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں کا کوئی نظریہ نہیں کل وہ کسی اورپارٹی میں تھے نااہل ہوکرآج دوسری پارٹی کاجھنڈا اٹھا لیا جوفردبددیانت ہے وہ کیسے عوام کے ساتھ مخلص ہوسکتا ہے یہ عوام کوانسان کی بجائے بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں جماعت اسلامی نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ترازو کے نشان پردیانتدارامیدوارپیش کئے ہیں اب قوم کاامتحان ہے کہ وہ ایک بار پھر ٹریپ میں آکردھوکے بازوں کاانتخاب کرتی ہے یا 17جولائی کو دیانتدارقیادت کے نشان ترازو کواپنی امیدبناتی ہے ۔ تحریک انصاف چارسال تک قوم پرمسلط رہی وفاق اور پنجاب کے تمام اختیارات ان کی جھولی میں تھے لیکن انھوں نے عوام کومحرومیوں اور دکھوں کے سواکچھ نہیں دیا،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی باریاں بدل کربارباراقتدارپرقابض ہوئیں لیکن وسائل عوام پر خرچ کرنے کی بجائے اپنے محلات اور بزنس ایمپائرکھڑے کئے ۔ایک عام آدمی کوعدالتوں سے انصاف حاصل کرنے کیلئے اپنی نسلوں کی قربانی دینی  پڑتی ہے لیکن کرپٹ اشرافیہ کے سامنے انصاف ہاتھ باندھے کھڑ اہوتا ہے اس ظلم کے نظام سے بغاوت کرکے عوام کواپنے حقوق ووٹ کی پرچی کے ذریعے چھیننا ہوں گے ۔دریاخان میں پی پی 90کے امیدوارنویداحمدنیازکے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام صوبائی امیرنے کہاکہ جماعت اسلامی نے ایسے امیدوارقوم کے سامنے پیش کئے ہیں جنھیں ملنے کے لیے عوام کو پانچ سال انتظارنہیں کرنا پڑتایہ امانت ،دیانت اور خدمت کی عملی تصاویرہیں ،قوم جماعت اسلامی اور دیگرامیدواروں کی شخصیات کا تقابل کرے اور پھرفیصلہ کرے ۔