ضمنی انتخابات پرانی حتمی انتخابی فہرستوں پر ہو رہے ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب


لاہور(صباح نیوز)صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات پرانی حتمی انتخابی فہرستوں پر ہو رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر نے اپنے جاری کردہ بیان میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں 17 جولائی کو ہونے والے انتخابات پرانی حتمی انتخابی فہرستوں پر ہو رہے ہیں،

الیکشن کمیشن کی طرف سے شیڈول کے اعلان کے بعد انتخابی فہرست منجمد کر دی جاتی ہے تاکہ پولنگ اسکیم بنانے میں آسانی ہو۔انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد ووٹر لسٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی، ووٹر لسٹ میں تب تک کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی جب تک متعلقہ حلقہ میں الیکشن کا انعقاد نہ ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پر چلنے والے ووٹ اندراج کے بیانات بے بنیاد ہیں اور حقیقت کے بر عکس ہیں، یہ سراسر پروپیگنڈاٹیکنیک ہے جس کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن 20 ضمنی حلقوں میں دیگر اداروں کے تعاون سے شفاف الیکشن کے انعقاد کیلئے پر عزم ہے۔