سادہ لوح خواتین کو بے نظیر انکم سپورٹ میں نام ڈلوانے کا جھانسہ دیکرلوٹنے والی خاتون گرفتار


ڈیرہ غازیخان (صباح نیوز ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی متحرک انتظامیہ نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ڈیرہ غازیخان کی سادہ لوگ لوح خواتین سے فراڈ کرنے والی خاتون کوگرفتارکرلیا خاتون ملزمہ سے بھاری تعداد میں شناختی کارڈ، سم ایکٹیویشن مشین اور دیگر ڈیوائسز برآمد کر لی گئی ہیں،

خاتون ملزمہ سائرہ بتول کے خلاف ڈیرہ غازی خان کے تھانہ کوٹ چھٹہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا پولیس تفتیش میں بڑے انکشافات ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ چھٹا میں سائرہ بتول نامی خاتون بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سروے کرانے اور تعلیمی وظائف دلوانے کے حوالے سے سادہ لوح شہریوں کو جھانسہ دے کر پانچ سو روپے  کے عوض ان کا نام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کروانے کی یقین دہانی کراتی تھی جس پر اسسٹنٹ کمپلینٹ افسرنصراللہ سلطانی نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ غازی خان کے ہمراہ چھاپہ مار کر مذکورہ خاتون کو گرفتار کرلیا خاتون کے خلاف اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی آئی ایس پی ڈی جی خان  نصراللہ سلطانی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے چھاپے کے دوران ملزمہ سے 107 شناختی کارڈ ، سم ویریفیکیشن مشین ، 45  سمز، کووڈ کارڈ، صحت کارڈ سمیت دیگرڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے ۔