پنجاب ضمنی انتخابات، پیپلزپارٹی سمیت اتحادیوں کا لیگی امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز)پیپلزپارٹی نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا، مشیر  امور آزادکشمیر  وگلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کوختم کرنا ہے،کسی مہم جوئی کی اجازت نہیں دے سکتے،

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے عمران خان پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے گناہوں کا بوجھ ریاست بچانے کیلئے اٹھایا ،عمران خان کا منصوبہ 73 کے نظام کا خاتمہ تھا ۔ وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اورمشیرامورکشمیرقمر زمان کائرہ نے بدھ کے روز اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب اسمبلی کے بیس حلقوں میں ہماری بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے،پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتوں کی قیادت کے شکرگزار ہیں،ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، اتحادی جماعتوں نے مل کر دور نحوست سے جان چھڑوائی،بھاگنے کا آپشن بہت آسان تھا، انتخابات میں جانا آسان تھا،ہم نے حکومت اس لئے سنبھالے رکھنے کا فیصلہ کیا کہ ملک کو مستحکم کیا جائے،اگر نوے دن کیلئے نگران حکومت آجاتی تو آئی ایم ایف سے کون بات کرتا؟ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے فیصلہ کیا، پاکستان سے وفاداری ثابت کرتے ہوئے سارا بوجھ سنبھال۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی بقا کے فیصلے میں قومی مفادات اہم ہو جاتے ہیں،عمران خان کا منصوبہ بڑا واضح تھا، اپوزیشن لیڈرز کو سزائیں دلوانا، اختلافی آوازیں بند کرنا اور وفاقی پارلیمانی نظام کو ختم کرنا تھا، عمران خان کی شیطانی زبان کو روکنا بہت ضروری تھا،نیب کے کالے قوانین کے ذریعہ انتقامی سیاست کی گئی،موجودہ حکومت سے زیادہ نمائندہ حکومت نہیں ہوسکتی تھی، امید ہے  پنجاب کے لوگ ہمیں اعتماد کا ووٹ دیں گے۔  وفاقی وزیرخواجہ سعید رفیق نے پی ٹی آئی  کے دورہ حکومت کو نحوست قراردیتے ہوئے کڑی تنقید کی ، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کا منصوبہ ریٹائرڈ لوگوں کے ساتھ ملکر73 کے آئیں خاتمہ تھے،عمران خان کے گناہوں کو بوجھ اٹھایا ہے، سیاست نہیں ریاست بچانا ترجیح ہے ۔ہر طرح کی تکلیف ہم برداشت کرچکے ہیں،عوام کی مشکلات کا ہمیں بالکل اندازہ ہے،پنجاب حکومت نے ایک سو یونٹ تک کے بل کا خود برداشت کرنے کا اعلان کیا،یوٹیلیٹی اسٹورز پر کافی کام کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بجلی میں سویونٹ تک مفت ادائیگی بجٹ کا حصہ ہے،پاکستان کے ووٹر نے باربار ووٹ دیا ہے،ہمیں یقین ہے کہ عوام بہت تکلیف میں ہیں لیکن وہ اب سمجھتے ہیں،کاروبار کا پہیہ کس کے دور میں چلتا ہے سب کو پتا ہے،خبر آئی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہوئی ہے اس سے حکومت اور عوام پر بوجھ کم ہوگا، ان شا اللہ بہتری کا وقت آئے گا، سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کو لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل ہوئی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر ریلوے نے عید کے موقع پرریلوے کا کرایہ تیس فیصد کم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دنوں کے لئے ریلوے کا کرایہ تیس فیصد کم کیا گیا ہے۔اس موقع پرقمرزمان کائرہ نے اپنی قیادت کا پیغام دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت ہی نہیں بلکہ مکمل ساتھ دینا ہے۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے،ہم نے سب اقدامات ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے کئے،ڈیفالٹ کے خوفناک اثرات سامنے آئیں گے،ہم نے سیاست کی بجائے ملک بچانے کے اقدامات کئے، پاکستان کے عوام بہت باشعور ہیں،ہم ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں۔ مشیر قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ قیادت کا موقف ہے کہ اس الیکشن کو صرف ن لیگ کا الیکشن نہیںسمجھنا بلکہ مکمل ساتھ دینا ہے،جو سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جارہا ہے اس کو ختم کرنا ہے،کسی کو مزید کسی طرح کی مہم جوئی کی اجازت نہیں دی جاسکتی،انتخابی عمل کو سترہ جولائی کو مکمل کرکے بھرپور جواب دینا ہے۔