اسلام آباد(صباح نیوز)نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے مئی کے مہینہ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت 9روپے66پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ بجلی کی نئی قیمت کا اطلاق اگست کے مہینے کے بلوں پر ہو گا۔
نیپرا میں کے الیکٹرک کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 11روپے 34پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے بعد نیپرا نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے بجلی 9روپے66پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ سے کے الیکٹر ک کے صارفین پر 19ارب30کروڑ 90لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کی جانب سے تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔ دوران سماعت چیئرمین نیپر انے کہا کہ کے الیکٹرک کو سستی بجلی لینے کے لئے نیپرا کی ضرورت ہوتووہ حاضر ہیں، وہ سستی بجلی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت سے بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔ نیپرا حکام نے کہاکہ مارچ کی نسبت ایل این جی50فیصد اور فرنس آئل38فیصد مہنگا ہوا۔ کے الیکٹرک حکام کے مطابق مئی میں پی ایل ایل کے کنٹریکٹر ڈیفالٹ کر گئے تھے ۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کیااس کا بوجھ عام آدمی پر پڑے گا، اس معاملہ پر انہیں تحریری طور پر لکھ کر دیں۔ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 52کروڑ60لاکھ روپے کااضافی بوجھ پڑا۔
نیپراحکام کے مطابق کورنگی پلانٹ پر ڈیزل کی قلت سے47کروڑ46لاکھ روپے کابوجھ پڑا۔ اس پر چیئرمین نیپر انے کہا کہ یہ کیا منطق ہے کہ سستا فیول اس لئے نہیں چلایا گیا کہ اس کو مستقبل میں چلائیں گے۔ اس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ انہوں نے اس ایندھن کو پیک ڈیمانڈ میں استعمال کیا۔
ممبر نیپرا سندھ رفیق شیخ نے دوران سماعت کہا کہ کے الیکٹرک سستی بجلی ہوتے ہوئے کیوں نہیں لے رہا،سستی بجلی نہ لینے کی کوئی منطق ہمیں سمجھ نہیں آئی۔کے الیکٹرک حکام نے دوران سماعت کہا کہ نیشنل گرڈ میں شارٹ فال کے باعث انہیں کم بجلی دی جارہی ہے ۔
نیپرا نے کے الیکٹر ک کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی اور جلد تحریری فیصلہ اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔ اگست کے مہینے کے بلوں پر مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کااطلاق کیا جائے گا۔