فیصل آباد، نامعلوم ملزمان کی کار پر فائرنگ، ڈاکٹر بیٹے سمیت جاں بحق


فیصل آباد(صباح نیوز)فیصل آباد میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی کار پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر اپنے بیٹے سمیت جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق سمندری کے نجی اسپتال کے مالک ڈاکٹر عتیق اپنے بیٹے ابراہیم کے ہمراہ کار میں جارہے تھے کہ چک 228گ ب کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے دونوں باپ بیٹے کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔

پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ باپ بیٹے کے قتل کی وجہ اور واردات میں ملوث ملزمان کے بارے میں فوری طور پر کوئی شواہد نہیں مل سکے ہیں۔

دوسری جانب آر پی او بابر سرفراز نے دوہرے قتل کا نوٹس لے کر متعلقہ افسر سے رپورٹ طلب کرلی۔