اسلام آباد (صباح نیوز) بچوں کے عالمی دن کے موقع سکول کے بچوں نے بڑوں سے اپنے حقوق کے تحفظ اور فروغ کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا کہ دنیا کو رہنے کی ایک اچھی جگہ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ خاص طورپر یتیم، نادار اور مستحق بچوں کے لئے اقدامات کرنے کے پیغام کو اجاگر کرنے کے لئے بچوں نے پانچ کلومیٹر طویل واک بھی کی اور مستحق بچوں کے لئے تحائف بھی عطیہ کئے۔
’پریپریٹری سکول‘ (پی ایس آئی) کے زیراہتمام رنگار رنگ تقریب اور واک کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر بچوں کے حقوق کی طرف توجہ دلانے کے لئے خصوصی نغمے بھی گائے گئے ۔ بچوں نے بڑوں کو پیغام دیا کہ وہ دنیا میں مسائل کے حل، بچوں کے حقوق کے تحفظ و فراہمی اور امن و محبت کے فروغ کے لئے اپنا عملی کردار ادا کریں ۔ بچوں نے ‘ہم دنیا ہیں، ہمیں دنیا کو دینا ہے’ کے نغمے، رنگا رنگ ٹیبلو اور شاندار تقاریر سے حاضرین کے دل جیت لئے اور خوب داد پائی ۔
تقریب کے اختتام پر واک ہوئی جس کا افتتاح سعد اشرف نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ واک میں بچوں کے علاوہ اساتذہ اور والدین نے بھی شرکت کی۔ بچوں نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بچوں کے حقوق، دنیا میں امن، بے سہاروں کا سہارا بننے اور تعلیم و شعور کے فروغ کے نعرے درج تھے ۔
بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے بچوں اور بڑوں کے ہاتھوں میں نیلے ربن بھی باندھے گئے جبکہ نیلے اور سفید رنگ کے غبارے بھی فضا میں چھوڑے گئے۔ اس موقع پر بچوں تحائف بھی جمع کئے جنہیں پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کو عطیہ کیاگیا اور ان کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیاگیا۔