بچوں کے تحفظ کیلئے ایسا سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہر سال ہمیں دنیا میں بچوں کے اہم مقام کی یاد دلاتا ہے۔ بچے ہمارے لئے خوشیوں اور محبت کا باعث اور سادگی و بھول پن کاپرتو ہوتے ہیں۔ یہ نہایت ناگزیر امر ہے کہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ان کے لئے ایسا سازگار ماحول پیدا کیاجائے جس میں وہ اپنے خواب اور اپنی حقیقی صلاحیتوں کو حاصل کرسکیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہر بچے کو محفوظ، سازگار اور ایسا ماحول مہیا کریں جس میں وہ پھلیں پھولیں، علم وآگاہی سے بہرہ مند ہوں اور ترقی کی منازل طے کریں۔بچوں کو وہی دنیا ملتی ہے جو عالمی برادری کے طور پر ہم ان کے لئے بناتے ہیں۔ یہ امر افسوسناک ہے کہ آج بچے تشددوتنازعات، اپنی سرزمین پر قبضوں، ماحولیاتی تبدیلی، عدم مساوات، نسل پرستی کے تعصبات، امتیازات اور بھوک وافلاس کے عفریت سے محفوظ ومامون نہیں۔ بچے ہماری طرف دیکھتے ہیں کہ ہم عالمی ضابطوں میں درج ان کے حقوق کے لئے اور بھی زیادہ کاوشیں کریں، تعلیم وصحت کی فراہمی کے ساتھ بچوں کے لئے محفوظ وصحت مندانہ ماحول پیدا کریں جس میں وہ اپنے بنیادی حقوق سے ہمکنار ہوں۔ انہیں استحصال، ہر طرح کے جبر و ناروا اور ظالمانہ رویوں سے محفوظ کرنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا عالمی وبا نے دنیا بھر کے بچوں کے لئے سماجی ومعاشی، صحت وتعلیم سے متعلق مسائل کو مزید مشکل بنادیا ہے۔بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پاکستان دنیا کی ایک روشن خیال اور مضبوط عالمی آواز ہے۔ بچوں کے حقوق پر عالمی کنونشن ان اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہیں جس میں پاکستان نے ایک بڑا کردار ادا کیا ہے۔ ہم نے اپنے بچوں کو بہتر معیار زندگی کی فراہمی کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ احساس نشوونما پروگرام، احساس سکول وظائف پروگرام، زینب الرٹ کی قانون سازی اور بچوں کے حقوق کے لئے قومی کمشن ہمارے عزم کے مظاہر ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے یہ بیان کرتے ہوئے مسرت ہورہی ہے کہ عالمی برادری کے اشتراک عمل سے ہم 9 کروڑ سے زائد بچوں کو ویکسین لگانے کی غیرمعمولی مہم بھی شروع کررہے ہیں جو خسرہ اور روبیلا جیسی بیماریوں کے خلاف عالمی جنگ کا حصہ ہے۔ بچوں کی صحت کے حق کے تحفظ کے لئے یہ ہمارے عزم کا واضح اظہار ہے۔آج کے بچے بہتر مستقل بنانے میں ہمارے شراکت دار ہیں۔ ماحولیاتی تغیر جیسے مسائل سے نبردآزما ہونے کے لئے ہمارے ساتھ کھڑے ہوکر انہوں نے اس ضمن میں اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کے عزم، قوت اور قیادت سے ہمیں امید ملتی ہے۔ دنیا یہ توقع نہ کرے کہ جبرواستبداد،ناجائز قبضوں اور اپنے جائز حقوق کی فراہمی سے انکار کے ماحول میں پروان چڑھنے والے بچے عمربھر کے لئے جبروبربریت کو اپنا مقدر سمجھ کر قبول کرلیں گے۔آئیے ہم سب مل کر ہر بچے کے لئے اچھی دیکھ بھال، عزت ووقار، تحفظ سمیت ضروری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔