ملک کو خوردنی تیل میں خودکفیل بنانا حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی ترجیح ہے، احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر احسن اقبال نے خوردنی تیل میں خودکفالت کے پلان پر  تمام صوبوں کے سٹیک ہالڈرز کو اعتماد میں لے کر ایک ہفتہ کے اندر روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کر دی، اجلاس سے خطاب میں کہا کہ  ملک کو خوردنی تیل میں خودکفیل بنانا حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی ترجیح ہے،عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق یقینی بنایا جائے، پرائیوایٹ سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ متحرک کیا جائے،

ان خیالات کا اظہار انھوں نے خوردنی تیل میں خود کفالت کے پلانز کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی  احسن اقبال کی زیر صدارت خوردنی تیل میں کفالت حاصل کرنے کے حوالے سے بنائے جانے والے پلانز کا جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں  نیشنل فوڈ سیکورٹی اور   وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے حکام نے شرکت کی،

نیشنل فوڈ سیکورٹی کے افسران  نے بریفنگ کے دوران بتایا  کہ  اس وقت ملک میں خوردنی تیل کی طلب 4.517ملین ٹن ہے   جبکہ ڈیمانڈ کا  8  فیصد ملکی پیداوار سے پورا ہو رہا ہے ، ملک میں 92  فیصد  خوردنی تیل 4.5 بلین ڈالر کا درآمد  ہو رہا ہے، خوردنی تیل کی پیداوار پہلے سال 0.745ملین ، 5 سال میں 1.192 اور 10  سال بعد 4.793 ملین ٹن تک لے جانے کی تجویز  دی ہے۔

اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو خوردنی تیل میں خودکفیل بنانا ترقیاتی ایجنڈے کی ترجیح ہے، خوردنی تیل میں خود کفالت حاصل کرنے کے لئے پرائیوایٹ سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ متحرک کیا جائے،عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کو حفظان صحت کے اصولوں کےمطابق یقینی بنایا جائے ۔احسن اقبال نے کہا کہ خوردنی تیل میں خودکفالت کے پلان پر  تمام صوبوں کے سٹیک ہالڈرز کو اعتماد میں لےکر ایک ہفتہ کے اندر روڈ میپ تشکیل دیں، خوردنی تیل کی پیدوار میں سرمایہ کاری کے لئے موزوں مراعات مہیا کی جائیں۔