ملک میں انڈسٹریز تباہ ہوچکی،ایک مرتبہ پھر پٹرول کی قیمت میں اضافے کی نوید سنائی جارہی ہے،محمد جاوید قصوری 


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ قوم سودی معاشی نظام کی تباہ کاریاں بھگت رہی ہے۔ مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ پونے دو ماہ میں سیمنٹ کی بوری 467روپے اور ایل پی جی چوبیس گھنٹوں میں دوسری بار مہنگی ہوچکی ہے۔ ملک میں کنسٹرکشن کی انڈسٹری تباہ ہو کر رہ گئی ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر سے اضافے کی نوید سنائی جارہی ہے۔ ملک میں پہلے ہی ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خزانہ قوم کو سبق پڑھا رہے ہیں کہ” قرضے لینے ہیں تو خودداری کی باتیں نہ کریں”۔ پاکستان قوم مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سے پوچھتی ہے کہ جتنے بھی قرضے حاصل کیے گئے ہیں وہ کون کھا گیا ہے؟ ملک کے اندر کوئی ڈویلپمنٹ ہوئی ہے اور نہ ہی عوام کو ریلیف میسر ہے۔ سب چور ،لٹیرے اور کرپٹ قومی خزانے کو لوٹنے میں مصروف تھے اور آج بھی دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔ کوئی ان کو پوچھنے والا نہیں۔حکمرانوں نے مسلسل مہنگائی کے نشتر چلا کر عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک نا اہل اور کرپٹ حکمران مسلط ہیں، اس وقت تک خودانحصاری، خود مختاری اور آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات نہیں مل سکتی۔ اتحادی حکومت بھی تحریک انصاف کی حکومت کا تسلسل ہے جو آئی ایم ایف کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ان لوگوں سے کسی قسم کے خیر کی توقع نہیں

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایک طرف ملک کی غیر یقینی معاشی و سیاسی صورت حال کے باعث ہر سال لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی بیرون ممالک کا رخ کرنے پر مجبور ہیں جبکہ  دوسری طرف پاکستانی تاجر ملک کی بجائے ترکی ، ملائیشیا اور بنگلہ دیش کا رخ کررہے ہیں۔