الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کو کہوٹہ میں ڈیم کا افتتاح کرنے سے روک دیا


لاہور(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے سے روک دیا۔وزیر اعظم پاکستان نے بدھ  کو کہوٹہ میں دریائے جہلم پر پاور پلانٹ کا افتتاح کرنے والے تھے۔جبکہ مذکورہ علاقہ حلقہ PP-7راولپنڈی کی حدود میں شامل ہے جہاں 17جولائی کو ضمنی انتخاب منعقد کیا جائے گا۔

صوبائی لیکشن کمشنر پنجاب سعید گل کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر PP-7 علیم شہاب نے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر کوبذریعہ ٹیلی فون رابطہ کیااور آگاہ کیا کہ وزیر اعظم کا حلقہ انتخاب میں دورہ کرنا اور ترقیاتی منصوبے کا افتتاح ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے جبکہ الیکشن کمیشن ہر گز کسی قسم کی خلاف ورزی کو نظر انداز نہیں کرے گا اور قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پرنسپل سیکرٹری نے وزیر اعظم کا دورہ منسوخ ہونے کے بارے میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو آگاہ کر دیا۔ضمنی انتخاب والے حلقہ میں عوامی عہدیداران کا دورہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنا بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ طورپر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیتا رہے گا۔