میرانشاہ(صباح نیوز)شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میںانسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار اور ایک پولیو ورکر شہید جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
ملک کے دیگر علاقوں کی طرح صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی انسدادِ پولیو مہم جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان کے مطابق تحصیل دتہ خیل کے علاقے تنگ کلی میں پولیو ٹیم بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ صبح پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے 2 پولیس اہلکار سپاہی دین شاہد، رضا اللہ اور ایک پولیو ورکر موقع پر ہی شہید ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے ایک بچہ زخمی ہوا ہے، لاشوں اور زخمی بچے کو تحصیل ہسپتا ل دتہ خیل منتقل کر دیا گیا۔
واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گئے جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔