حکومت نے سموگ پر قابو پانے کیلئے مختلف اقدامات کئے ہیں، امین اسلم


اسلام آباد(صباح نیوز)ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ حکومت نے سموگ پر قابو پانے کیلئے مختلف اقدامات کئے ہیں جو ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی صنعت کو فروغ دے رہی ہے اور یہ ٹیکنالوجی سموگ میں کمی لانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ لاہور میں صرف یورو فائیو پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت ہوگی اور ان فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو ماحول دوست ٹیکنالوجی کے بغیر چل رہی ہیں۔

علاوہ ازیں ملک امین اسلم نے ایک  بیان میں کہا کہ مودی کی قیادت میں بھارت فضائی ماحول میں تباہی پھیلارہاہے، بھارت اپنے اقدامات سے دہلی سمیت لاہورکو بھی چوک کررہا ہے۔ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ فوری اقدامات کی بجائے مودی سرکار نے2070 کامضحکہ خیزپلان دیا، کلائمٹ چینج سمٹ میں بھارت کی غیرسنجیدگی کامعاملہ اٹھایاگیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان نے فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے گلوبل لیڈرزکوبڑی پیشکش کی، پاکستان ایئر پلوشن کانفرنس کی میزبانی کیلئے تیا ر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے ایشیائی ممالک نے معاہدہ کررکھا ہے، معاہدے کے باوجودکانفرنس کاانعقادنہیں کیاجاسکا، پاکستان اس عالمی ذمہ داری کی انجام دہی کیلئے تیارہے۔ملک امین اسلم نے کہا گلاسکومیں ایشیائی ممالک کے وزراکے سامنے یہ معاملہ رکھاتھا، معاملے پروزیراعظم عمران خان کوبھی اعتمادمیں لوں گا