آئمہ و خطبا مساجد جمعہ کوسودی نظام کے محافظ بینکوں حبیب بینک، یو بی ایل، نیشنل بینک، مسلم کمرشل بینک کا مکمل بائیکاٹ کی اپیل کریں،فرید پراچہ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی فرید احمد پراچہ نے علمائے کرام کے فیصلہ کی تائید کرتے ہوئے آئمہ و خطبا مساجد سے اپیل کی ہے کہ وہ یکم جولائی کے جمعتہ المبارک کے خطابات میں سودی نظام کو تحفظ دینے والے عناصر بالخصوص سپریم کورٹ میں سود کے حق میں اپیل کرنے والے سٹیٹ بینک اور دیگر بنکوں کی مذمت کریں اور قرآن و سنت کی روشنی میں سود کے نقصانات سے قوم کو آگاہ کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح سودی نظام کے محافظ بنکوں حبیب بنک، یو بی ایل، نیشنل بنک، مسلم کمرشل بنک کا مکمل بائیکاٹ کی اپیل کریں۔ ان بنکوں کے کھاتے داروں کی یہ شرعی ذمہ داری ہے کہ وہ ان بنکوں سے اپنے اکاؤنٹ نکال لیں۔ اسی طرح جمعتہ المبارک کے روز مساجد کے باہر مظاہرے کیے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ سود خوروں کے خلاف اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم  کی طرف سے اعلان جنگ ہے اور ہم اس جنگ میں اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہیں۔