سٹیٹ بینک اور دیگر نجی بینکوں کی جانب سے وفاقی شرعی عدالت کے حرمت سود کے فیصلے کو چیلنج کرنا غیر اسلامی و غیر آئینی ہے۔ فرید پراچہ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی فرید احمد پراچہ نے وفاقی شرعی عدالت کے حرمت سود کے سلسلہ میں تاریخی فیصلہ کو سٹیٹ بینک اور دیگر نجی بینکوں کی طرف سے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کو غیرآئینی اور غیراسلامی قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک کو عدالتی فیصلے کا محافظ ہونا چاہیے تھا، لیکن وہ سودی نظام کا محافظ بن کر اللہ و رسولۖ کے خلاف جنگ کو جاری رکھنے پر بضد ہے۔ انھوں نے حکومت سے سوال کیا کہ وہ واضح بتائے کہ سودی نظام کی طرف ہے یا اللہ و رسولۖ اور قرآن سنت کی طرف۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علما کرام کے فیصلہ اور فتویٰ کے مطابق چیلنج کرنے والے بینکوں کا مکمل بائیکاٹ کریں، اپنی رقوم نکال لیں اور ان بینکوں کے سامنے مظاہرے کیے جائیں۔