صوبہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کاروائیاں


لاہور(صباح نیوز)صوبہ پنجاب کے 14اضلاع میں 20صوبائی اسمبلی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی طرف سے کارروائیاں کی گئیں۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرحید ر ریاض کی طرف سے PP-217ضلع ملتان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی گئی۔ PP-217ملتان میں ترقیاتی سکیموں کا اعلان کر نے پر امیدوار محمد سلمان کو نوٹس جاری کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ملتان نے امیدوار محمد سلمان کو24 جون کو طلب کر لیا۔PP-217 ملتان کے امیدوارمخدوم زین قریشی اور طاہر حسین کو بھی تنبیہی نوٹسز جاری کئے گئے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی طرف سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ PP-228 لودھراں میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی۔ PP-228لودھراں کے امیدوار نذیر احمد خان نے لودھراں میں سٹرک کے تعمیری منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔ جس پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر لودھراں کی طرف سے امیدوار نذیر احمد خان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا۔

ضلع بہاولنگر میں محکمہ صحت کی جانب سے تبادلوں کا اعلامیہ جاری ہواتھا جس پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر بہاولنگر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محکمہ صحت کے جاری کردہ تبادلوں کے اعلامیہ کو منسوخ کر وا دیا۔ علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی کے مذکورہ حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے مانیٹرنگ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کوکہا گیا کہ وہ ہر صورت ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔