سراج الحق مہنگائی،کرپشن اور سودی نظام کیخلاف 25 جون کورحیم یار خان سے خیبر میل ایکسپریس سے ٹرین مارچ کا آغاز کریں گے


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیر قیادت مہنگائی ،کرپشن اور سودی نظام کے خلاف جماعت اسلامی کے ٹرین مارچ کے پہلے روز 25 جون کو خیبر میل ایکسپریس کے ذریعے صبح 08:30 بجے رحیم یار خان سے آغاز ہو گا۔

قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن اور مرکزی و صوبائی ذمہ داران بھی ٹرین مارچ میں امیر جماعت کے ہمراہ ہوں گے۔ جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق خانپور،لیاقت پور،ڈیرہ نواب صاحب ،سمہ سٹہ، بہاولپور، لودھراں، شجاع آباد کے ریلوے اسٹیشن پر استقبال کرنے والے عوام سے خطاب کریں گے اور پہلے روز ٹرین مارچ کے اختتام پر ملتان ریلوے اسٹیشن پر بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق ٹرین مارچ کے دوسرے مرحلے کے لیے26 جون کو ملتان سے لاہور کے لیے روانہ ہوں گے ۔سراج الحق خانیوال ، میاں چنوں ، چیچہ وطنی ، ساہیوال ، اوکاڑہ ، پتو کی ، کوٹ رادھا کشن ، رائے ونڈ ، کوٹ لکھپت میں استقبالیہ جلسوں کے شرکا سے خطاب کریں گے اورلاہور ریلوے اسٹیشن کے باہر بعد نماز مغرب بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔27 جون کو ٹرین مارچ کے تیسرے اور آخری مرحلے میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق ریل کار ایکسپریس کے ذریعے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوں گے۔

امیر جماعت سراج الحق گوجرانوالا ،وزیر آباد ،گجرات ،لالہ موسیٰ ،جہلم،گوجر خان میں استقبالیہ جلسوں جب کہ راولپنڈی پہنچ کر ریلوے اسٹیشن کے باہربڑے اختتامی جلسے سے خطاب کریں گے۔جماعت اسلامی کے 25 تا 27 جون کے ٹرین مارچ کے پہلے مرحلے میں رحیم یار خان سے ملتان کے انچارج راومحمد ظفر امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ،ملتان تا لاہورمولانا محمد جاوید قصوری امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب اورلاہور تا راولپنڈی ڈاکٹر طارق سلیم امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ہوں گے۔