لاہور میں چند گھنٹوں کی بارش نے واسا کی کارکردگی کو بھی دھو کر رکھ دیا ،جاوید قصوری


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور میں ہونے والی چند گھنٹوں کی بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کو بے نقاب کردیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ ڈسپوزل سٹیشنز فعال اور سکرینوں کی صفائی کو یقینی بنانا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال بارشوں سے نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کئی قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔ املا ک کو نقصان پہنچتا ہے۔ مگر بد قسمتی سے ہر دفعہ متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے روایتی بے حسی دیکھنے کو ملتی ہے۔ حکومت کی کارکردگی محض اخباری بیانات تک محدود ہو کر رہ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال اربوں روپے کرپشن کی نذر ہوجاتے ہیں، مگر مجال ہے کہ کسی بھی حکومت نے ملک کے اندر آبی ذخائر کی جلد تعمیر پر توجہ دی ہو۔آبی ذخائر نہ بننے کی وجہ سے سالانہ 21ارب ڈالر مالیت کا 29ملین ایکٹر فٹ پانی سمندر برد ہوجاتا ہے۔

اگر ملک کے اندر کالا باغ ڈیم سمیت دیگر بڑے ڈیم تعمیر کرلیے جاتے تو آج نہ صرف پاکستان سیلاب کے نقصانات سے محفوظ ہوجاتا بلکہ پانی کو محفوظ کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا۔ جس کا فائدہ براہ راست کاشتکاروں کو ہوگا۔ وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیر ی رحمان کی جانب سے ملک کے اندر ایک مرتبہ پھر سے 2010 کی طرح سیلاب کی پیشگوئی، تشویشناک ہے۔ اس حوالے سے قبل از وقت فوری طور پر حفاظتی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ لوگوں کو کسی قسم کا ریلیف میسر نہیں۔ حکمرانوں کی تمام پالیسیاں محض ڈنگ ٹپا کے سوا کچھ نہیں۔