محترمہ فاطمہ جناح کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔جماعت اسلامی کی مرکزی رہنما سمیحہ راحیل قاضی،جسٹس ناصرہ اقبال


لاہور (صباح نیوز)جماعت اسلامی کی مرکزی رہنما سمیحہ راحیل قاضی،جسٹس ناصرہ اقبال،ڈاکٹر پروین، مہناز رفیع، فرح ہاشمی، نصرت سلیم، رفیعہ اکرام اور خالدہ جمیل نے کہا ہے کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وہ خدمت ، جدو جہداوربہادری کی عظیم علامت ہیں۔

انہوں نے اپنے بھائی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ کام کرکے پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میںشوریٰ ہمدرد کے زیر اہتمام ”خواتین کی معاشرتی اصلاح ،مادر ملت کے افکار اور ملی جدوجہد کی روشنی میں”کے موضوع پرمقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مقررین نے کہا کہ ان کی سوانح حیات کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ طالبات میں ان جیسا بننے کی لگن اور آرزو پیدا ہوکیونکہ آج کی بیٹیاں کل کی مائیں ہیں اور ان پر نسلوں کو سنوارنے کی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہے۔ مقررین نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے افکار اور ملی جدو جہد کے حوالے سے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔