اسلام آباد(صباح نیوز) سینٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا گیا کہ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ میں 23عہدیدار کام کررہے ہیں جن کی عمر 60 سال سے زائد ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی طرف سے بتایا گیا کہ یہ سارے ملازمین کنٹریکٹ کی بنیاد پر رکھے گئے ہیں۔
سابق کرکٹر وسیم باری کی عمر 73 سال سے زائد ہے اور وہ ہائی پرفارمنس ڈیپارٹمنٹ میں 3 لاکھ87 ہزار200 روپیہ ماہانہ تنخواہ لے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل(ر) اشفاق احمد ایڈمنسٹریشن اور کوارڈینیشن میں تعینات ہیں جن کی تنخواہ 423532 روپے ماہانہ ہے۔باقی اکیس دیگر عہدیداروں کی بھی تفصیل بتائی گئی،
متعلقہ وزارت نے مزید بتایا ہے کہ پی سی بی نے کسی بین الاقوامی فرم کو کرکٹ میچوں میں جوئے کی اجازت نہیں دی۔ البتہ یہ معلوم ہونے پر کہ متعلقہ فرم ” ٹیک فرنٹ” نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اسکے خلاف کارروائی کی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ کھلاڑیوں کی محکمہ جاتی سرپرستی کی پالیسی ختم ہونے کے بعد ان کو بورڈ میں جذب کیا جارہا ہے۔