راشد نسیم کی سربراہی میں نومنتخب الیکشن کمیشن کا اجلاس، اتفاق رائے سے بلال قدرت بٹ الیکشن کمیشن کا سیکرٹری مقرر


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم کی سربراہی میں نومنتخب الیکشن کمیشن کا اجلاس منصورہ میں ہوا جس میں اتفاق رائے سے بلال قدرت بٹ الیکشن کمیشن کا سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ دیگر اراکین کمیشن میں سردار ظفرحسین، انجینئر اخلاق احمد اور ڈاکٹر عطا الرحمن شامل ہیں۔

راشد نسیم  نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی امتیازی صفت آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن تشکیل ہے ، جسے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ ہر تین سال بعد اپنے انتخاب کے بعد منتخب کرتی ہے۔ مجلس شوریٰ کے انتخاب کے موقع پر الیکشن ٹریبونل کا انتخاب بھی ہوتا ہے ۔  انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنی تشکیل کے بعد اس بات کا کلی اہتمام کیا تھا کہ امیر جماعت اور مختلف ذمہ داریوں کے لیے جماعتی انتخابات اور استصوابات میں مکمل شفافیت کو  یقینی بنایا جائے اور الیکشن اس طرح ہوں کہ اس پر نہ صرف اراکین جماعت بلکہ پوری قوم کو اعتماد ہو۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ سارے انتخابی عمل کی پوری طرح نگرانی کرے۔ کہیں پر کوئی بے قاعدگی اور ضابطے کی خلاف ورزی تو الیکشن کمیشن فوری نوٹس اور ایکشن لے۔

انھوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی میں موروثی قیادت کا تصور تک نہیں  اور نہ ہی کوئی بھی شخص جماعت اسلامی کا تاحیات سربراہ رہ سکتا ہے۔ ہر پانچ سال بعد امیر جماعت اور ہر تین سال بعد مرکزی مجلس شوریٰ منتخب ہوتی ہے جو کے نظم و نسق اور سیاسی ذمہ داریوں سمیت تمام کام سرانجام دیتے ہیں۔ ارکین جماعت میرٹ پر ذمہ داریوں کے لیے ووٹ دیتے ہیں اور اس میں لسانیت، صوبائیت اور دیگر تعصبات پر پسند اور ناپسند کا شائبہ تک نہیں ہوتا۔