زراعت کو جدید طرزپراستوار کر کے ملکی معیشت مضبوط بناسکتے ہیں ، گورنر پنجاب


  لاہور(صباح نیوز)گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ زراعت کو جدید طرزپراستوار کر کے ملکی معیشت مضبوط بنا سکتے ہیں، حکومت کاشتکاروں کی فلاح بہبود کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔

بلیغ الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کو ملک کی معیشت میں بنیادی حیثیت حاصل ہے، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی زمین زرخیز ہے، چاول ان اجناس میں سے ہے جسے برآمد کر کے ہر سال کثیر زرمبادلہ کمایا جاتا ہے، زراعت کے شعبے کو جدید طرز پر استوار کر کے ملک کی معیشت مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا  کہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح بہبود کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے، مشکل حالات کے باوجود بجٹ میں زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے خاطر خواہ فنڈز رکھے گئے ہیں۔

ملاقات میں وفد نے بریفنگ دی کہ رائس ایکسپورٹر ایسوسی ایشن چاول کو برآمد کر کے حکومت کو سالانہ 2.5بلین ڈالر کا زرمبادلہ دیتی ہے۔وفد نے مطالبہ کیا کہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کو انڈسٹری کا درجہ دیا جائے۔ ملاقات میں چیئرمین آر ای اے پی علی حسام اصغر، شہزاد علی ملک اور پیر سید ناظم حسین شاہ کے علاوہ پنجاب بھر سے آئے ہوئے ممبران منیجنگ کمیٹی و سابق چیئرمین آر ای اے پی سمیع اللہ چوہدری سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے۔